ویب ڈیسک: سابق قومی کرکٹر عماد وسیم کی دوسری شادی کے اعلان کے بعد ان کی سابق اہلیہ ثانیہ اشفاق نے سوشل میڈیا پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے ان پر سنگین الزامات عائد کر دیے۔
ثانیہ اشفاق نے انسٹاگرام پر جاری بیان میں سابق شوہر پر بے وفائی کا الزام لگاتے ہوئے لکھا کہ اب سب نے ثبوت دیکھ لیا۔ میرے گھر کو توڑنے والی نے کبھی میرے بچوں کے بارے میں نہیں سوچا۔ دھوکے باز بے نقاب ہو چکا ہے اور میں اپنے بچوں اور اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے لیے انصاف چاہتی ہوں۔
عماد وسیم کی سابق اہلیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ دسمبر 2023 میں لاہور میں ان کا اسقاطِ حمل کرایا گیا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایسے شخص کو موقع نہیں دیا جانا چاہیے جس پر اس نوعیت کے الزامات ہوں، اور سوشل میڈیا پر بائیکاٹ کی اپیل بھی کی۔
یہ بیان عماد وسیم کی جانب سے انسٹاگرام پر اپنی دوسری شادی کے اعلان کے بعد سامنے آیا، جس میں انہوں نے نائلہ راجہ سے نکاح کی تصدیق کی۔ اپنے پیغام میں عماد وسیم نے پہلی شادی کے خاتمے کو اپنی زندگی کا “مشکل ترین دور” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دوران خاموش رہنے کی وجہ سے نائلہ کو غیر ضروری تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے لکھا کہ اللہ کے کرم اور والدین کی رہنمائی سے میں نے نائلہ سے شادی کی ہے۔ یہ فیصلہ سوچ سمجھ کر اور واضح ارادے کے ساتھ کیا گیا تاکہ ایک پُرسکون، مستحکم اور باہمی احترام پر مبنی زندگی قائم کی جا سکے۔ نائلہ نے میری زندگی میں سکون، وقار اور حوصلہ پیدا کیا ہے اور میں اپنے فیصلے پر قائم ہوں۔
عماد وسیم نے اپنے بیان میں بچوں سے وابستگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کی اولین ترجیح ان کے بچے ہیں۔ ان کے بقول والد ہونا صرف مالی ذمہ داری نہیں بلکہ موجودگی، محبت اور رہنمائی کا نام ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام تر کوششوں کے باوجود وہ اس وقت اپنے بچوں سے نہیں مل پا رہے اور وہ ان کی زندگی میں فعال کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ عماد وسیم نے گزشتہ سال دسمبر میں ثانیہ اشفاق سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔ دونوں کی شادی 2019 میں ہوئی تھی اور ان کے ہاں تین بچوں کی پیدائش ہوئی۔