ویب ڈیسک: امریکی شہری حقوق کے ممتاز رہنما جیسّی جیکسن 84 برس کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔
اہلِ خانہ کے مطابق جیسی جیکسن گزشتہ کئی برسوں سے اعصابی عارضوں میں مبتلا تھے۔ انہیں پارکنسنز کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ دیگر طبی پیچیدگیوں کا بھی سامنا کرتے رہے۔ خاندان نے انہیں دنیا بھر کے مظلوم اور محروم طبقات کی آواز قرار دیا۔
جیسی جیکسن 1960 کی دہائی سے امریکی شہری حقوق کی تحریک کا نمایاں چہرہ رہے اور عظیم رہنما مارٹن لوتھر کنگ جونیئر کے قریبی ساتھی تھے۔ انہوں نے نسلی امتیاز، غربت اور معاشی ناانصافی کے خلاف جدوجہد کو اپنی زندگی کا مشن بنایا۔
انہوں نے 1984 اور 1988 میں ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے صدارتی نامزدگی کے لیے مہم چلائی۔ 1988 کی انتخابی مہم میں ان کی مضبوط کارکردگی نے امریکی سیاست میں سیاہ فام قیادت کے لیے نئی راہیں ہموار کیں۔ سابق امریکی صدر باراک اوباما بھی ان کی جدوجہد کو اپنی کامیابی کی بنیاد قرار دے چکے ہیں۔
جیسی جیکسن نے “رینبو کولیشن” کے تصور کو فروغ دیا، جس کا مقصد سیاہ فام، محنت کش اور دیگر محروم طبقات کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنا تھا۔ ان کی خدمات کے باعث وہ امریکی تاریخ میں شہری حقوق کی تحریک کے اہم ترین رہنماؤں میں شمار کیے جاتے ہیں۔
جیسی جیکسن 8 اکتوبر 1941 کو جنوبی کیرولائنا کے شہر گرین ویل میں پیدا ہوئے تھے۔