ہنڈا نے ڈرائیور کےموڈکے مطابق چلنے والی کاریں متعارف کروادیں

ہنڈا نے ڈرائیور کےموڈکے مطابق چلنے والی کاریں متعارف کروادیں
کیپشن: ہنڈا نے ڈرائیور کےموڈکے مطابق چلنے والی کارمتعارف کروادی

ویب ڈیسک:مشہور کارساز کمپنی ہنڈا نے ڈرائیور کے موڈ کے مطابق چلنے والی الیکٹرک کاروں کے 2 ماڈلز متعارف کروادیے ہیں۔

ہنڈا نے لاس ویگاس میں منعقدہ کنزیومر الیکٹرانکس شو میں دو نئے الیکٹرک ماڈلز متعارف کروائے ہیں جو زیرو سیریز نامی سلسلے کا حصہ ہیں اور انہیں سنہ 2026 میں مارکیٹ میں پیش کیا جائے گا۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق جن ماڈلز کو پیش کیا ہے ان کے بارے میں کمپنی کا کہنا ہے کہ جب سنہ 2026 میں ان کو مارکیٹ میں فراہم کیا جائے گا تو وہ ماڈلز 90 فیصد تک ان سے مماثلت رکھیں گے۔

ہنڈا کا زیرو سیریز میں لانچ ہونے والا پہلا ماڈل ایک ایس یو وی ہے۔ اس گاڑی کے ڈیزائن کا اگلا حصہ کم و بیش روایتی ہے تاہم اس کار کا پچھلا حصہ چھوٹے شیشے، اونچی اور لمبی باڈی اور یو شیپ لائیٹوں کے ساتھ اسے ایس یو وی کاروں کی مارکیٹ میں غیر روائتی بناتا ہے۔

جبکہ ہنڈا کی جانب سے پیش کی جانے والی دوسری الیکٹرک کار کا ماڈل جسے 'سیلون' کا نام دیا گیا ہے زیرو سیریز کی سب سے لگژری کاروں میں سے ایک ہے۔ تاہم اس کا ڈیزائن کافی غیر روایتی اور بولڈ ہے۔

یہ ایک لمبی اور سپورٹی لک میں ہے۔ اس گاڑی کی ہیڈلائٹس اور باڈی پینل ایک ہی رنگ میں ہیں۔ جبکہ اس کی پچھلی لائٹیں تھری ڈی ہیں۔ سیلون میں پچھلے دروازے میں شیشے نہیں ہیں اور اس پیچھے دیکھنے والا شیشہ کیمرے کے ساتھ کام کرتا ہے۔اس کے سائیڈ پر بھی شیشوں کی جگہ کیمرے لگائے گئے ہیں۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ہنڈا نے ابھی تک ان کاروں کی تکنیکی تفصیلات جاری نہیں کی ہیں لیکن اس کا کہنا ہے کہ وہ ایک چارج پر 482 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر سکتی ہیں۔ ہنڈا کا کہنا ہے کہ 'گاڑی کا سٹیئرنگ وہیل بھی مکینکلی ٹائروں کے ساتھ منسلک نہیں ہے بلکہ اسے الیکٹرانک طریقے سے کنٹرول کیا جاتا ہے۔'

ان دو کاروں کے ساتھ ساتھ ہنڈا نے اپنا نیا آپریٹنگ سسٹم بھی متعارف کروایا ہے جسے 'آسیمو او ایس' کا نام دیا گیا ہے۔ اس کا نام اس انسان نما روبوٹ کے نام پر رکھا گیا ہے جس ہنڈا نے 20 سال پہلے بنایا تھا۔

ہنڈا کا کہنا ہے کہ ان کا یہ نیا آپریٹنگ سسٹم کار ڈرائیور کے مزاج اور عادات کو سمجھنے اور جاننے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس کے مزاج کے مطابق کار کے فیچرز اور ماحول کو ترتیب دیتا ہے۔ اس آپریٹنگ سسٹم میں مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا گیا ہے جو کار ڈرائیور سے بات کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ ہنڈا کی جانب سے اس آپریٹنگ سسٹم کی جاری کردہ ایک ویڈیو میں 'آسیمو' ڈرائیور کو بتاتا ہے کہ وہ کچھ اچھا محسوس نہیں کر رہا اور اس لیے وہ اس کے لیے ایک خوشی کا نغمہ چلاتا ہے۔

بی بی سی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہنڈا کی زیرو سیریز کی کاریں خودکار کاروں کے لیول تھری پر مبنی ہے یعنی اس کا مطلب ہے کہ کچھ سڑکوں پر ڈرائیور کار کے سٹیئرنگ سے ہاتھ اٹھا سکتا ہے اور کار خود کار ٹیکنالوجی کی مدد سے چلتی رہے گی۔

ہنڈا کی زیرو سیریز کے سات ماڈلز کو سنہ 2030 تک مارکیٹ میں متعارف کروایا جائے گا۔ ان میں سے پہلے دو ماڈلز امریکا کی ریاست اوہائیو میں تیار کیے جائیں گے اور انھیں امریکا میں متعارف کروائے جانے کے بعد دنیا کے دیگر ممالک میں برآمد کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ ہنڈا نے ایک اور الیکٹرک کار 'افیلا' تیار کرنے کے لیے سونی کمپنی کے ساتھ بھی اشتراک کیا ہے۔ یہ کار اگلے برس سے مارکیٹ میں فروخت کے لیے دستیاب ہو گی اور اس کی تعارفی قیمت 90 ہزار ڈالرز رکھی گئی ہے۔

Watch Live Public News