ویب ڈیسک: چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے یو این سی آر سی کے جنیوا میں منعقدہ 100ویں جائزہ اجلاس میں حکومتِ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے نمایاں بہتری آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یو این سی آر سی میں پاکستان کی پیش کردہ رپورٹ پر 100واں جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم پاکستان کے تشکیل کردہ اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کی۔ وفد میں سیکرٹری وزارت انسانی حقوق عبد الخالق شیخ، بیرسٹر ظفراللہ، بیرسٹر حیا ایمان زاہد اور دیگر شامل تھے۔ دو روزہ جائزہ اجلاس میں اقوام متحدہ کی ریویو کمیٹی کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے مؤثر جوابات دیے گئے۔وزیر مملکت بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ پاکستان میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے واضح اور جامع پالیسی موجود ہے۔
چیئرپرسن سارہ احمد نے پاکستان میں بچوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے نمایاں اقدامات سے کمیٹی کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یو این سی آر سی کے جائزہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی ہمارے لیے بڑا اعزاز ہے۔ پاکستان میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے نمایاں بہتری آئی ہے۔ سٹریٹ چلڈرن کے تحفظ، بحالی اور فلاح و بہبود کے لیے ملک بھر میں مؤثر اقدامات جاری ہیں۔
چیئرپرسن سارہ احمد نے مزید کہا کہ ضرورت مند بچوں کے لیے ادارہ جاتی نگہداشت کے ساتھ متبادل نگہداشت کے نظام کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے۔ اقلیتی بچوں کے تحفظ کے لیے بین المذاہب چائلڈ پروٹیکشن کمیٹی قائم کر دی گئی۔ پازیٹو پیرنٹنگ اور گڈ ٹچ، بیڈ ٹچ سے متعلق ملک گیر آگاہی مہمات چلائی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو کیے گئے بچوں کو تعلیم، صحت، رہائش، قانونی معاونت اور نفسیاتی کونسلنگ فراہم کی جا رہی ہے۔
اس موقع پر چیئرپرسن سارہ احمد نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے اور سفیر، عزت مآب جناب بلال احمد سے ملاقات بھی کی۔