”عام آدمی “سے مراد عمران خان کے اے ٹی ایمز اور کارٹلز ہیں

”عام آدمی “سے مراد عمران خان کے اے ٹی ایمز اور کارٹلز ہیں
لاہور ( پبلک نیوز)مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نئے پاکستان میں عوام سے آٹا چینی گھی دوائی، تعلیم، صحت، پٹرول بجلی اور گیس سب چھین لیا گیا ، گھی کی قیمتوں میں 53 فیصد اضافہ عمران صاحب کے عوام کے لئے” احساس “کی اصلیت ہے ، 52 روپے سے چینی 110 تک پہنچائی ، اب 68 سے 85 روپے یوٹیلیٹی سٹور کا ریٹ بنادیا ، واہ عمران صاحب واہ ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان نے غریب عوام سے آٹے، چینی، گھی اور دیگر اشیائے ضروریہ پر سبسڈی بھی چھین لی ، آئی ایم ایف کے ایجنڈے کی غلام حکومت عوام کو مہنگائی، بے روزگاری کی غلام بناچکی ہے ، اے ٹی ایمز، کارٹلز اور مافیاز کو کرپشن کی سہولت دینے والے عمران صاحب نے کھانے پینے پر عوام کو دی جانے والی رعایت چھین لی ۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا کر کہتے ہیں کہ عام آدمی اس سے متاثر نہیں ہوگا،عمران صاحب کی ”عام آدمی “سے مراد ان کے اے ٹی ایمز اور کارٹلز ہیں جن سے ان کا جیب خرچ چلتا ہے ،خام تیل کی امپورٹ پر ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس بڑھادیا تاکہ ملک میں اے ٹی ایمز کی جیب بھرے اور عوام کی جیب خالی ہو۔ عمران صاحب نے 50 ارب کورونا ریلیف فنڈ دینے کا ڈرامہ کیا لیکن اس کے تمام فنڈز جاری نہ کئے، یہ ہے ان کا اصل چہرہ ، چینی کی ریکارڈ پیداوار کے دعوے کرنے والوں نے 2 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرکے خود کو جھوٹا ثابت کردیا ، عمران صاحب کی مہنگائی کی تبدیلی قوم کوبہت بھاری پڑ رہی ہے۔

Watch Live Public News