کراچی ( پبلک نیوز) گزشتہ روز تک عیدالاضحیٰ پر سپیشل ٹرینیں کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تھا۔ بڑھتے ہوئے رش کو دیکھ کر مجبوراً دو سپیشل ٹرینیں چلانے کا بالآخر اعلان کر دیا گیا ہے۔ ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ ریلوے انتظامیہ نے عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر عوام کی سہولت کے لیے اضافی رش کے پیش نظر دو عید سپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیاہے۔ پہلی عید سپیشل ٹرین کراچی سٹی سے 19 جولائی کو دوپہر 1 بجے روانہ ہو کر کراچی کینٹ، حیدرآباد، روہڑی، رحیم یار خان،خانپور، بہاولپور، خانیوال، فیصل آباد، سانگلہ ہل، وزیر آباد اور لالہ موسیٰ سٹاپ کرتی ہوئی اگلے روز دوپہر 2 بجکر 35 منٹ پر راولپنڈی پہنچے گی۔ دوسری عید سپیشل ٹرین راولپنڈی سے 24 جولائی کو دن 11 بجے روانہ ہو کر لالہ موسیٰ، وزیر آباد، سانگلہ ہل، فیصل آباد، خانیوال، ملتان، بہاولپور، خانپور، رحیم یار خان، روہڑی، حیدرآباد، لانڈھی، ڈرگ روڈ اور کراچی کینٹ پر سٹاپ کرتی ہوئی اگلے دن دوپہر 1 بجکر 30 منٹ پر کراچی سٹی ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔ ترجمان ریلوے کے مطابق دونوں عید سپیشل ٹرینیں گیارہ اکانومی کلاس کوچز پر مشتمل ہوں گی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز تک سپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ نہیں کیا گیا تھا بلکہ کہا جا رہا تھا کہ پہلے سے چلنے والی ٹرینوں کے ساتھ مزید بوگیاں شامل کی جائیں گی۔