پی ڈی ایم اے کی رواں ہفتہ کے دوران مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی

پی ڈی ایم اے کی رواں ہفتہ کے دوران مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی
اسلام آباد: پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون ہوائیں 18 جولائی کو ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی۔ پی ڈی ایم اے کا کنہا ہے کہ 18 جولائی (رات)سے23 جولائی کےدوران لاہور ، اسلام آباد، راولپنڈی، مری ، اٹک، چکوال اور جہلم میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گوجرانوالہ ، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، گجرات اور قصور میں بھی بارش متوقع ہے۔ سرگودھا ،فیصل آباد ، ساہیوال، میانوالی ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، بہاولنگر اور اوکاڑہ میں بھی بارش کا امکان ہے.19 جولائی سے 21 جولائی کےدوران ڈی جی خان، ملتان ، بہاولپور ،راجن پور، بھکر، لیہ، کوٹ ادو، اور رحیم یار خان میں بارش کا امکان ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی کا کہنا ہے کہ اسی دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔18 سے 22 جولائی کےدوران لاہور ، اسلام آباد، راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے جبکہ مری ، گلیات کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ کسان حضرات موسمیاتی پیشگوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے معاملات ترتیب دیں۔ سیاح بارشوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے محتاط رہیں۔ بارشوں کے دوران نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ بارش کے دوران دریاؤں اور نہروں میں نہانے سے گریز کریں۔ بجلی کے کھمبوں ،تاروں اور برقی آلات کو چھونے سے گریز کریں۔ بارش کے دوران بچوں پر خصوصی نظر رکھیں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔