قومی سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے ہمیں ہمیشہ تیار رہنا چاہیے، آرمی چیف

قومی سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے ہمیں ہمیشہ تیار رہنا چاہیے، آرمی چیف
راولپنڈی : آرمی چیف جنر ل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ اوبجیکٹو تربیت ہماری پیشہ ورانہ مہارت کا خاصہ ہے اور ہمیں اپنی قومی سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمیشہ تیار رہنا چاہیے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس ی آر ) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے آج جی ایچ کیو میں 258ویں کور کمانڈرز کانفرنس (سی سی سی) کی صدارت کی۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ کانفرنس میں مادر وطن کے لیے جان قربان کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، کانفرنس میں ملکی اندرونی سکیورٹی صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔ ڈی جی آئی ایس ی آر کے مطابق فورم میں فوج کی آپریشنل تیاریوں اور تربیتی پہلوؤں پر تفصیل سے غور کیا گیا، کالعدم ٹی ٹی پی اور دیگر دہشتگرد گروپس کی پڑوسی ملک میں محفوظ پناہ گاہیں ہیں،دہشتگردوں کو کارروائی کی آزادی اور جدید ترین ہتھیاروں کی دستیابی ہے۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ "اوبجیکٹو تربیت ہماری پیشہ ورانہ مہارت کا خاصہ ہے اور ہمیں اپنی قومی سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمیشہ تیار رہنا چاہیے۔" پاک فوج کے ترجمان کے مطابق فورم کو حکومت کے اقتصادی بحالی کے منصوبے اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے دائرہ کار میں زراعت، آئی ٹی، کان کنی اور معدنیات اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں فوج کے کردار کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے معیشت کی بحالی کے لیے منصوبہ بندی ، حکمت عملی کے اقدامات کو پاکستانی عوام کی مجموعی بھلائی کے لیے ہر ممکن تکنیکی اور انتظامی معاونت فراہم کی جائے گی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔