ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے آج ملک کے مختلف شہروں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم با لائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، جنوب مشرقی/زیریں سندھ، شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پرتیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آج سے 20جولائی تک پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے،صوبے کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارشوں کے امکانات ہیں۔ 17 سے 19 جولائی کے دوران جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور تیز بارش کے امکانات ہیں۔بارشوں سے گرمی اور حبس کی شدت میں کمی ہو گی۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں سے پنجاب کے ندی نالے بپھر سکتے ہیں۔ بڑے شہروں کی انتظامیہ الرٹ رہے اور پیشگی انتظامات مکمل کریں۔طوفان سے بجلی کے کھمبوں ، سولر پلیٹوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔نشینی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد ازجلد یقینی بنایا جائے ۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کے علاوہ صبح اور رات کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے۔
پنجاب
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، میانوالی، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤ الدین، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، قصور، بہاولنگر میں چند مقامات پر تیز ہوئیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔
خیبرپختونخوا
خیبرپختونخوا کے بیشتر میدانی اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم دیر، سوات، چترال، کوہستان، شانگلہ،بونیر، بٹگرام، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، خیبر، مہمند، باجوڑ، مردان، پشاور، کرم، بنوں، کوہاٹ، کرک اور وزیرستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
بلوچستان
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم شام یا رات کو ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل،خضدار، لسبیلہ، آواران، پنجگور اور کیچ میں چند مقامات پر تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
سندھ
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اورمرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم تھرپارکر، عمرکوٹ، مٹھی، میرپور خاص، سانگھڑ، بدین، ٹھٹھہ، کراچی اور سجاول میں چند مقامات پر آندھی/جھکڑچلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
کراچی کا موسم
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ہلکی بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے، آج دن بھر شدید گرمی کے بعد ہلکی بارش اور بوندا باندی سے کئی علاقوں میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ڈیفنس، منظورکالونی، قیوم آباد، اخترکالونی، محمود آباد میں ہلکی بارش جاری ہے، اس کے علاوہ لانڈھی، کورنگی اور نوری آباد میں بھی بوندا باندی جاری ہے۔
کراچی میں گزشتہ رات رواں سال کی دوسری گرم ترین رات ریکارڈ
دوسری جانب کراچی میں یکم جولائی کے بعد گزشتہ رات رواں سال کی دوسری گرم ترین رات رہی۔
شہر قائد گزشتہ ماہ سے شدید گرمی کی لہر کی لپیٹ میں ہے، جس کی وجہ سے شدید حبس اور موسم کی شدت سے شہری بے حال ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جولائی میں رات کا اوسط درجہ حرارت 27.9 ڈگری سینٹی گریڈ ہے لیکن گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ گزشتہ رات معمول سے 4.1 ڈگری سینٹی گریڈ زائد درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد گزشتہ رات رواں سال کی دوسری گرم ترین رات قرار دی جارہی ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان
کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ا برآلود رہنے کے علاوہ چند مقا مات پرتیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب پنجاب اور بلوچستان میں آج سے بیس جولائی تک مون سون بارشوں کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔
کوئٹہ میں مون سون کی زیادہ بارشوں کی پیشگوئی
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کوئٹہ میں جولائی اور اگست میں مون سون کی زیادہ بارشوں کی پیشگوئی کی ہے
بلوچستان حکومت اور پی ڈی ایم اے حکام نے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو مون سون بارشوں کی آمد سے قبل شہر کے تمام نالوں کی صفائی اور تجاوزات ختم کرنے کی ہدایت جاری کی تھی تاہم شہر کے اہم نالوں سے تجاوزات مکمل طور پر ہٹائی نہیں جاسکی ہیں۔
اس ضمن میں کمشنر کوئٹہ و ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن حمزہ شفقت نے بتایا کہ کوئٹہ میں 4 قسم کے نالے ہیں، 15 برساتی نالے محکمہ آب پاشی کے پاس ہیں جب کہ ایک نالہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے زیر نگرانی ہے، 82 نالوں کی صفائی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی زیر نگرانی نالوں کو پی ڈی ایم اے کی مدد سے صاف کیا جاچکا ہے۔
ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن حمزہ شفقت نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی زیر نگرانی شہر کے سٹی نالے پر تجاوزات ہٹانے کا کام جاری ہے جو 60 سے 70فیصد مکمل ہوگیا ہے۔