ویب ڈیسک: پنجاب حکومت نے میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین میں ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا، جس میں ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی اور جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ لاہور میں یلو لائن اور گوجرانوالہ میں بی آر ٹی منصوبے پر پیش رفت جاری ہے، جبکہ لاہور میں 50 پری فیبریکیٹڈ بس شیلٹرز کی تنصیب شروع ہو چکی ہے۔
ٹرانسپورٹ حکام نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین میں موجودہ ٹوکن سسٹم ختم کر کے جدید کارڈ بیسڈ بار کوڈ سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے تحت مسافر کریڈٹ کارڈ، ڈیبٹ/اے ٹی ایم کارڈ، یا موبائل ایپ کے ذریعے کرایہ ادا کر سکیں گے۔
این ایف سی ٹیکنالوجی (ٹیپ اینڈ گو) کے ذریعے بھی ادائیگی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
لاہور، ملتان، راولپنڈی اور اسلام آباد میں میٹرو سروسز پر یہ نظام لاگو کیا جائے گا، جبکہ لاہور کی اورنج لائن ٹرین میں ای پیمنٹ سسٹم نافذ کیا جا چکا ہے اور ٹوکن سسٹم مرحلہ وار ختم کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں "ٹی کیش کارڈ" کے نام سے ایک نیا ماس ٹرانزٹ کارڈ متعارف کرانے کی منظوری دی گئی ہے، جس کے ذریعے صوبے بھر میں میٹرو بس یا اورنج لائن پر سفر ممکن ہو گا۔ طلبہ کے لیے ایک الگ رعایتی کارڈ بھی متعارف کرایا جائے گا۔
اجلاس میں گریڈ 5 سے 18 تک ٹیکنیکل اسامیوں پر بھرتیوں کی اصولی منظوری دی گئی، جبکہ پنجاب میں پہلی بار انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ ایکسپو کے انعقاد کی بھی منظوری دے دی گئی۔
مزید برآں، صوبائی حکومت نے گاڑیوں سے متعلق تمام امور کے لیے ایک جامع آر ایف آئی ڈی اسٹیکر متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
موٹر سائیکل رکشہ کے متبادل کے طور پر الیکٹرک رکشہ لانے کی تجویز پر بھی اتفاق ہوا ہے، جس کے لیے وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں سے سفارشات طلب کر لی ہیں۔