ویب ڈیسک: برطانیہ کے تین مرتبہ منتخب ہونے والے میئر لندن، صادق خان کو تاحیات لارڈ (Life Peer) بنانے کا اعلان کر دیا گیا ہے.
برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے نئی اعزازی نامزدگیوں (Honours List) کا اعلان کیا، جس میں صادق خان کا نام بھی شامل ہے۔ یہ نامزدگی ان کی عوامی خدمات اور سیاسی کردار کے اعتراف کے طور پر کی گئی ہے۔
ڈاؤننگ اسٹریٹ کے مطابق شاہ چارلس سوم نے نئی نامزد شخصیات کو لائف پیئرج (Life Peerage) عطا کرنے کی منظوری دینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے، جس کے بعد آئینی اور رسمی کارروائیاں مکمل کی جائیں گی۔
لائف پیئرج ملنے کے بعد صادق خان کو لارڈ صادق خان کے لقب سے جانا جائے گا اور وہ برطانوی پارلیمان کے ایوانِ بالا، ہاؤس آف لارڈز، میں قانون سازی کے عمل میں حصہ لینے کے اہل ہوں گے۔
ہاؤس آف لارڈز اس وقت 774 ارکان پر مشتمل ہے اور اسے دنیا کے سب سے بڑے قانون ساز ایوانوں میں شمار کیا جاتا ہے، جہاں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات قانون سازی اور حکومتی پالیسیوں پر نظرثانی میں کردار ادا کرتی ہیں۔