مخصوص سیاسی جماعت کا شہداء کی حرمت پر ایک بار پھر وار

مخصوص سیاسی جماعت کا شہداء کی حرمت پر ایک بار پھر وار
کیپشن: Another attack on the sanctity of martyrs by a certain political party

ویب ڈیسک: شہداء کسی بھی قوم کا سرمایہ اور فخر ہوتے ہیں۔ بدقسمتی سے مخصوص سیاسی جماعت شہداء کے تقدس کو پامال کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ مخصوص سیاسی جماعت کا پرانا وطیرہ رہا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ اپنے مذموم سیاسی مقاصد کی تکمیل کے لئے شہداء کو نشانہ بنایا۔

شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں  کے بزدلانہ وار کے نتیجے میں شہید ہونے والے  آفیسرز اور جوانوں پر بھی مخصوص سیاسی جماعت سے جڑے سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے گھٹیا پروپیگنڈا جاری رکھا۔ سیاسی جماعت سے جڑے اکاؤنٹس نے  کل دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہونے والے آفیسرز اور جوانوں  کی بے حرمتی کی۔

شہید کی شہادت کا عقیدہ ہمارے ملک اور قوم کے لیے ایک نشانی ہے اور انکی عظمت کو ثابت کرتا ہے۔ عوام کی طرف سے شدید رد عمل  آنے  پر سیاسی جماعت سے جڑے بے نامی اکاؤنٹ نے اپنا گھٹیا پوسٹ  بعد میں ڈیلیٹ کر دیا۔

بے نامی اکاؤنٹ کے نیچے سیاسی جماعت سے جڑے اکاؤنٹس نے  شہداء کے خلاف گھٹیا ترین زبان استعمال کی۔ مخصوص سیاسی جماعت کے شر پسند عناصر پہلے بھی شہداء کا تمسخر اڑا چکے ہیں۔

میانوالی ایئر بیس پر ٹی ٹی پی کے  حملے پر بھی مخصوص سیاسی جماعت کی جانب سے ایک منفی اور ملک خلاف بیانیہ سامنے آیا۔ وہ جوان جنہوں نے اپنی جانوں پر کھیل کر دہشت گردوں کا مقابلہ کیا مخصوص سیاسی جماعت کے ملک دشمن عناصر نے انکو بھی نہ بخشا۔

26 ستمبر 2022 کو لسبیلہ بلوچستان میں فوج کے افسران اور جوانوں کی شہادت پر بھی مخصوص جماعت کے شرپسندوں نے مذاق اڑایا۔ پاک فوج کا ہیلی کاپٹر تباہ ہو یا افسران شہید ہو  جائیں مخصوص سیاسی جماعت کا جھوٹا اور بے بنیاد بیانیہ ان کے پوشیدہ عزائم کو بے نقاب کرتا ہے۔

وقت آ گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر اِس طرح کے گھٹیا، غلیظ اور اخلاق سے گرے ہُوئے اکاؤنٹس کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کر کے متعلقہ لوگوں کو کڑی سزائیں دی جائیں۔