اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما عامر کیانی نے سیاست سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔ عامرکیانی نے پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔ عامر کیانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جی ایچ کیو اور کور کمانڈر ہاؤس کا واقعہ افسوس ناک ہے، پاکستان بحران میں ہے، پی ڈی ایم کی مہربانیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا افواج پاکستان کے ساتھ قریبی تعلق ہے، میرا عمران خان سے تعلق رہا ہے، ایک عرصے سے لاہور نہیں گیا، ہم ادارے اور ریاست کا حصہ ہیں۔ عامر کیانی نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات نے ذاتی طور پر مجھے تکلیف پہنچائی، میں نے کبھی افواج پاکستان کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا، ہماری بقا اللہ کے بعد فوج کے ساتھ جڑی ہے، جوان شہادتیں دے رہے ہیں، سب سے پہلے افواج کو ہٹ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ میرا 27 سال کا سفر ہے، پارٹی کے ساتھ میں نے گزشتہ ماہ تک مسلسل کام کیا۔ تحریک انصاف 1996 میں جوائن کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے دادا اور خاندان آرمی سے تعلق رکھتے ہیں، نو مئی کے واقعات نے میرے اوپر بہت اثر کیا ہے،9 مئی کا واقعہ بہت تکلیف دہ تھا، 9 مئی قومی سانحے کا دن تھا، مجھ پر دہشتگردی کے 8،9 سیاسی پرچے درج ہیں۔ عامر کیانی نے کہا کہ عمران خان خود کہتے ہیں کہ ادارے اہم ہیں، میانوالی میں جو دو واقعات ہوئے ان میں میرا نام بھی ڈالا گیا، مجھے ان واقعات پر انتہای افسوس ہے، افسوس ہے کہ 24 سال بعد ان واقعات کی وجہ سے سیاست سے دسبردار ہونا پڑا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس نہج پر صورتحال آچکی ہے اس سیاست میں شامل نہیں رہ سکتا، میں اب سیاست نہیں کروں گا، میں انسانی حقوق سے متعلق لوگوں کی جو خدمت کرسکا کروں گا۔