ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور سینیٹر شیری رحمان کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ بھارت میں بلاک کر دیا گیا، جس پر انہوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شیری رحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کا یہ اقدام آزادی اظہارِ رائے کو دبانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ"میرا سوشل میڈیا اکاؤنٹ بلاک کرنا سچ کو دبانے کی کوشش ہے، بھارتی حکومت دراصل پہلگام واقعے کی حقیقت کو چھپانا چاہتی ہے۔"
پیپلز پارٹی رہنما نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کے ایسے اقدامات کا نوٹس لے اور اس کی مذمت کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ "حقیقت کو دبایا نہیں جا سکتا، چاہے بھارت کتنی ہی کوشش کر لے۔"
شیری رحمان نے مزید کہا کہ پہلگام حملے کے بعد بھارت نے بلاجواز اور خطرناک جارحیت کا راستہ اپنایا، جس پر پاکستان نے ذمہ دارانہ اور مؤثر انداز میں اپنا دفاع کیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے دوبارہ کوئی مہم جوئی کی تو اسے بھرپور جواب دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے متعدد پاکستانی صارفین کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو محدود یا بند کیا جا چکا ہے، جن میں شیری رحمان کا اکاؤنٹ بھی شامل ہے۔