ویب ڈیسک: نیویارک یونیورسٹی (NYU) نے گلیٹن اسکول آف انڈیویژولائزڈ اسٹڈی کے گریجویشن اسپیکر ’لوگن روزوس‘ کی ڈگری روک دی ہے، جنہوں نے اپنی تقریر میں غزہ میں جاری تنازع کو "نسل کشی" قرار دیا اور امریکہ کی اسرائیل کی حمایت پر تنقید کی تھی۔
طالبعلم روزوس نے یونیورسٹی کی جانب سے منظور شدہ تقریر سے ہٹ کر اپنی تقریر میں سیاسی خیالات کا اظہار کیا، جس پر نیویارک یونیورسٹی کے حکام نے انہیں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا۔
یونیورسٹی کے سینئر نائب صدر جان بیک مین نے کہا کہ روزوس نے اپنی حیثیت کا غلط استعمال کیا اور ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جا رہی ہے، اس واقعے پر امریکی کانگریس مین جیرڈ ماسکووٹز نے بھی ردعمل دیا، انہوں نے روزوس کی تقریر کو جھوٹ پر مبنی قرار دیا اور کہا کہ NYU کا ردعمل درست تھا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب امریکہ کی مختلف جامعات میں فلسطین کے حق میں سرگرمیوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے، اور تعلیمی ادارے اس حوالے سے آزاد اظہار رائے کی حدود پر نظر ثانی کر رہے ہیں۔
فی الحال NYU نے روزوس کی ڈگری جاری کرنے کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے، اور مزید تادیبی اقدامات زیر غور ہیں۔