اسلام آباد: وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم اور پی ٹٰی آئی چیئرمین عمران خان کے بڑھکیں مارنے سے بات ختم نہیں ہوگی، عمران خان کو اپنے جرائم کا جواب دینا ہوگا۔ بین الاقوامی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے خواجہ آصف نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک خاتون کا نام مختلف کیسز میں بار بار کیوں آرہا ہے؟ عمران خان کو اس کا جواب دینا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ دوست ملک کے تحفے بیچ کر ملکی وقار کا مذاق اڑایا گیا، عمران خان چاہتے ہیں کہ سارے شور میں کرپشن دب جائے اور سب اسے بھول جائیں مگر اب اُن کے خلاف آئین و قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ وزیر دفاع نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیرآباد حملے پر قانونی کارروائی نہ ہونے پر پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ وزیراعلیٰ پنجاب سے جواب طلب کریں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ عمران خان کی منی لانڈرنگ کا واضح ثبوت ہے، پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان عدالت جائیں ، سارا ریکارڈ قوم کے سامنے آجائے گا۔ اس شخص کی پوری کوشش ہے کہ ملک کا دیوالیہ ہوجائے. ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے ذاتی مفاد کیلئے توشہ خانہ کے قواعد میں تبدیلیاں کیں ہیں۔