وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی رائے شماری آج ہوگی

وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی رائے شماری آج ہوگی
کیپشن: وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی رائے شماری آج ہوگی

ویب ڈیسک: وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری آج (پیر) کو ہوگی، جس کا سرکاری ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی نے رائے شماری سے قبل اہم پیش رفت حاصل کرلی ہے۔ پارٹی کے نامزد امیدوار فیصل ممتاز راٹھور کو فارورڈ بلاک کے مزید دو اراکین کی حمایت مل گئی ہے۔ اس کے علاوہ وزیرتعلیم دیوان علی چغتائی نے بھی فریال تالپور سے ملاقات کے بعد پیپلزپارٹی کی حمایت کا اعلان کردیا۔

مزید یہ کہ خواتین کی مخصوص نشست پر منتخب رکن اسمبلی اور حکومتِ آزاد کشمیر کی وزیر پروفیسر تقدیس گیلانی نے بھی وزیر اعظم انوارالحق کا ساتھ چھوڑ کر پیپلزپارٹی کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔ اس طرح پیپلزپارٹی کے حامی اراکین کی تعداد بڑھ کر 38 ہوگئی ہے۔

ادھر وزیراعظم چودھری انوارالحق کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ تحریک عدم اعتماد کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔ دوسری جانب تحریک انصاف، مسلم کانفرنس اور جموں و کشمیر پیپلزپارٹی نے اس معاملے میں غیر جانبدار رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Watch Live Public News