سعودی حکام نے اقامے سے متعلق نئی ہدایات جاری کر دیں

سعودی حکام نے اقامے سے متعلق نئی ہدایات جاری کر دیں
کیپشن: سعودی حکام نے اقامے سے متعلق نئی ہدایات جاری کر دیں

ویب ڈیسک: سعودی عرب میں محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن "جوازات" نے کہا ہے کہ اگر اقامے میں موجود تصویر میں چہرے کی شناخت میں واضح فرق ہو، تو تصویر کی تبدیلی کے لیے درخواست دی جا سکتی ہے۔

جوازات کے مطابق، تصویر کی تبدیلی صرف اس صورت میں کی جاتی ہے جب چہرے کی شناخت میں کوئی نمایاں تبدیلی آئی ہو، اور اس کے لیے واضح جواز فراہم کرنا ضروری ہے۔ بغیر وجہ کے تصویر تبدیل نہیں کی جاتی۔

سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اگر غیرملکی کارکن کے اقامے پر موجود تصویر اور اس کی شکل میں واضح فرق ہو، تو تصویر کی تبدیلی کے لیے متعلقہ جوازات دفتر میں اپائنٹمنٹ حاصل کرنا ضروری ہے۔ درخواست گزار کا پاسپورٹ کارآمد اور نئی تصویر بھی فراہم کرنا ضروری ہوگا۔

جوازات نے مزید کہا کہ ورک ویزے پر سعودی عرب آنے والے غیرملکی کارکنوں کا اقامہ 90 دن کے اندر جاری کرانا لازمی ہے۔ اگر یہ مدت مکمل ہونے سے پہلے اقامہ جاری نہ کیا جائے، تو 500 ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ، نئے آنے والے غیرملکی کارکنوں کے لیے اقامہ جاری کرنے سے قبل میڈیکل ٹیسٹ کروانا بھی ضروری ہوتا ہے۔

Watch Live Public News