ویب ڈیسک: متحدہ عرب امارات ( یو اے ای) کو عرب دنیا کے سب سے زیادہ بہتر ہونے والے اعلیٰ تعلیمی نظام کا اعزاز حاصل، یہ اعزاز ورلڈ یونیورسٹی رینکنگز عرب ریجن 2026 میں دیا گیا، جو جمعرات کو جاری کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال یو اے ای نے شاندار کارکردگی دکھائی ہے، کیونکہ ملک کی 15 جامعات اس درجہ بندی میں شامل ہوئیں۔ ان میں سے 9 یونیورسٹیوں کی رینکنگ میں بہتری آئی، ایک اپنی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہی، جبکہ چار کی درجہ بندی میں معمولی کمی آئی، یونیورسٹی آف فجیرہ پہلی بار رینکنگ میں شامل ہوئی اور 151 تا 160 کے درجہ میں جگہ حاصل کی۔
سعودی عرب کی کنگ فہد یونیورسٹی آف پیٹرولیم اینڈ منرلز سرفہرست رہی، یو اے ای اور سعودی عرب دونوں ممالک عرب خطے کی تعلیمی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ دونوں کے تین، تین ادارے ٹاپ 10 میں اور چھ ،چھ ادارے ٹاپ 20 میں شامل ہیں، جو دیگر تمام عرب ممالک سے بہتر کارکردگی دکھا رہے ہیں۔
خلیفہ یونیورسٹی نے اپنی تاریخ کی بہترین پوزیشن حاصل کرتے ہوئے تیسرا نمبر حاصل کیا، جس کا کریڈٹ اس کی مضبوط اکیڈمک اور ایمپلائر ریپیوٹیشن کو دیا جا رہا ہے۔
اسی طرح متحدہ عرب امارات یونیورسٹی (UAEU) نے پانچویں پوزیشن برقرار رکھی، جبکہ امریکن یونیورسٹی آف شارجہ (AUS) ایک درجہ بہتر ہو کر 9نمبر پر پہنچ گئی۔
یونیورسٹی آف شارجہ نے پہلی بار ٹاپ 20 میں جگہ بنائی اور 14ویں پوزیشن حاصل کی، جو یو اے ای کے اعلیٰ تعلیمی معیار میں مسلسل بہتری کو ظاہر کرتا ہے۔