(ویب ڈیسک): صوبائی وزیرِ تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے ضلع ٹھٹہ کے علاقوں گھارو اور مکلی میں نئے سیکنڈری بلاکس، اسٹیٹ آف دی آرٹ انفراسٹرکچر اور جدید ترین تعلیمی سہولیات سے آراستہ اپ گریڈ کیے گئے اسکولوں کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گھارو اور مکلی میں اپ گریڈ کیے گئے جدید اسکولوں کی افتتاحی تقریب میں ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) پاکستان کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔
اسکولوں میں نئے سیکنڈری بلاکس اور جدید انفراسٹرکچر کے قیام کا بنیادی مقصد طلبا و طالبات کو بین الاقوامی معیار کا تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے۔
پروگرام کے پہلے مرحلے کے تحت ایشیائی ترقیاتی بینک کے باہمی تعاون و اشتراک سے سندھ بھر کے 10 اضلاع میں مجموعی طور پر 116 اسکولوں کی اپ گریڈیشن اور تعمیر کا کام تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔
اس منصوبے سے صوبہ سندھ میں اسکولوں کے مجموعی بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور بچوں کے لیے بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی میں مدد ملے گی۔