ویب ڈیسک: وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ نے صوبے میں اسکولوں کے اوقات کار ایک گھنٹہ کم کرنے کا اعلان کردیا۔
سردار شاہ نے یہ اعلان اپنے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ پر جاری ایک پوسٹ میں کیا، تاہم اسکولوں کے نئے اوقات کار کی تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آئیں۔
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ صوبے میں اسکولوں سے باہر بچوں کی بڑی تعداد ایک اہم چیلنج ہے اور حکومت اب تک یکساں تعلیمی پالیسی بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب کے باعث 20 ہزار اسکولوں کی چار دیواریاں متاثر ہوئیں، جبکہ پاکستان تعلیم پر دنیا کے کم ترین اخراجات کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔
سردار شاہ نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پی ایس ڈی پی کے ذریعے تعلیمی مراکز کے لیے فنڈز فراہم کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لاکھوں بچوں کو کمیونٹی بیسڈ مراکز کے ذریعے تعلیم دی جارہی ہے، تاہم مہنگائی کے باعث ان مراکز کے اخراجات میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔