(ویب ڈیسک ) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ افغانستان بھارت کی پراکسی بن گیا ہے،دہشت گردی کی جنگ بھارت افغانستان اور ٹی ٹی پی نےپاکستان پرمسلط کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پانچ سال میں وزیر خارجہ نے کابل کے 4 اور وزیر دفاع نے 2 دورے کیے،2021 سے اب تک پاکستان میں دہشت گردی کے 10 ہزار 347 واقعات ہوئے۔ان واقعات میں سول، فوجی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت 3 ہزار 844 افراد شہید ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ 5سال میں ہماری کوششوں اور قربانیوں کے باوجود کابل سے مثبت ردعمل نہیں آیا، اب افغانستان بھارت کی پراکسی بن گیا ہے ، دہشت گردی کی جنگ بھارت افغانستان اور ٹی ٹی پی نےپاکستان پرمسلط کی ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت کی گود میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف سازشیں کرنےوالے کابل کے حکمران کل تک ہماری پناہ میں تھے، پاکستان اب کابل کے ساتھ تعلقات کا ماضی کی طرح متحمل نہیں ہو سکتا، پانچ دہائیوں کی زبردستی کی مہمان نوازی کے خاتمے کا وقت ہے، پاک سر زمین پربیٹھے تمام افغانیوں کو اپنے وطن جانا ہو گا۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ اسلامی انقلاب آۓ 5سال ہو گئے،اب کابل میں انکی اپنی حکومت ہے، پاکستان کے ساتھ ہمسایوں کی طرح رہنا ہوگا،ہماری سر زمین اور وسائل 25کروڑ پاکستانیوں کی ملکیت ہیں، خودار قومیں بیگانی سر زمین اور وسائل پر نہیں پلتیں، اب احتجاجی مراسلے امن کی اپیلیں نہیں ہونگی، کابل وفد نہیں جائیں گے ،دہشت گردی کا منبہ جہاں بھی ہو گا اس کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔