ویب ڈیسک:پاکستانی پاسپورٹ کی درجہ بندی میں تنزلی کے بعد شہری دنیا بھر میں کتنے ممالک میں ویزہ فری یا ویزہ آن ارائیول کی سہولت حاصل کرسکیں گے۔
بین الاقوامی ہینلے پاسپورٹ انڈیکس 2025 کے تازہ ترین اعدادوشمار میں پاکستانی پاسپورٹ دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹس میں شامل ہے، جو 103 ویں نمبر پر آگیا ہے، رپورٹ میں بتایا گیا پاکستانی شہری اب بھی 31 ممالک کا سفر بغیر ویزا کر سکتے ہیں۔
پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے افراد بارباڈوس، برونڈی، کمبوڈیا، کیپ وردے، کوموروس، کُک آئی لینڈز، جیبوتی، ڈومینیکا، گنی بساؤ، ہیٹی، کینیا، مڈغاسکر، مالدیپ، مائکرونیشیا، مونٹسرات کا سفر بغیر ویزا کے کرسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ موزمبیق، نیپال، نیو، پالاؤ، قطر، روانڈا، ساموآ، سینیگال، سی شلز، سیرا لیون، سری لنکا، سینٹ ونسنٹ اینڈ دی گرینیڈائنز، تیمور لیستے، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو، تووالو اور وینواٹو۔
انڈیکس کے مطابق پاکستان سے نیچے صرف عراق (104 واں، 29 ممالک)، شام (105 واں، 26 ممالک) اور افغانستان (106 واں، 24 ممالک) ہیں۔
دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس
اس فہرست میں سنگاپور نے سب سے مضبوط پاسپورٹ کا اعزاز برقرار رکھا ہے، جس کے شہری 193 ممالک میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔ جنوبی کوریا (190) اور جاپان (189) بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی درجہ بندی میں کمی کی وجوہات میں سفارتی تناؤ، کمزور بین الاقوامی شراکت داری اور سفری سہولتوں کی محدودیت شامل ہیں۔