(ویب ڈیسک ) وفاقی حکومت نے کفایت شعاری اقدامات کا اعلان کر دیا۔اس حوالے سے کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سرکاری گاڑیوں کے لیے پٹرول کی فراہمی میں پچاس فیصد کمی کر دی گئی،یہ کمی ابتدائی طور پہ تین ماہ کے لیے کی گئی ہے۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گاڑیاں خریدنے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے،غیر ضروری غیر ملکی دوروں پہ بھی تین ماہ کے لیے پابندی ہو گی۔سرکاری اجلاسوں کیلئے ویڈیو کانفرنسنگ کو ترجیح دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق غیرملکی وفود کے علاوہ سرکاری عشائیوں کی میزبانی پر مکمل پابندی کردی گئی ہے۔ حکومت کے فنڈز سے ہونے والے سرکاری سیمینارز، تربیتی پروگرامز اور کانفرنسز پر پابندی لگا دی گئی۔ناگزیر سرکاری تقریبات کیلئے سرکاری آڈیٹوریم اور کمیٹی رومز استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہیں ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شادی کی تقریبات میں صرف ایک ڈش پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔دکانیں، مارکیٹس، شاپنگ مالز اور بازار رات 9 بجے بند ہوں گے،شادی ہالز، مارکیز اور دیگر تقریبات کے مقامات رات 10 بجے بند ہوں گے،ریسٹورنٹس، کیفے اور فوڈ آؤٹ لیٹس رات 11 بجے بند ہوں گے جبکہ ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری مستثنیٰ ہونگی۔
اسی طرح فارمیسیز، اسپتال، کلینکس، میڈیکل لیبارٹریز، پٹرول پمپس اور دیگر ضروری شعبے اوقاتِ کار کی پابندی سے مستثنیٰ ہیں ،بیکریز، تندور، دودھ و ڈیری شاپس، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز اور جم بھی مستثنی ہیں ۔