لاہورسمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارش، سولر پینلز، گاڑیوں کو نقصان

لاہورسمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارش، سولر پینلز، گاڑیوں کو نقصان

ویب ڈیسک: لاہور سمیت ملک کے مختلف اضلاع میں بادل برس پڑے، ملک میں ایک بار پھر بارش اور ژالہ باری کا آغاز ہوگیا ہے، خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری سے گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع خیبر کے کچھ علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری ہورہی ہے، ضلع خیبر کے علاقوں باڑہ، جمرود اور لنڈی کوتل میں ہونے والی ژالہ باری گاڑیوں کے شیشے ٹوٹنے کے علاوہ سولر پینلز کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا ہے، تاہم برساتی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔

چارسدہ کےمختلف علاقوں میں شدید ژالہ باری ہوئی،فصلوں کو شدید نقصان کا خدشہ ہے، بعض علاقوں میں ژالہ باری کا سلسلہ 30 منٹ تک جاری رہا، طورخم میں بھی بارش اور  شدید ژالہ باری ہوئی جس کے باعث موسم سرد ہوگیا۔

علاوہ ازیں لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی آج بارش برسے، محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل اسلام آباد و گردونواح میں موسلا دھار بارش اور شدید ژالہ باری ہوئی تھی، جس سے گاڑیوں کے شیشے ٹوٹنے کے علاوہ علاوہ گھروں میں بھی شیشوں کو نقصان پہنچا تھا، اسلام آباد کی مشہور فیصل مسجد کے شیشے بھی ٹوٹ گئے تھے۔

اب محکمہ موسمیات نے 18 سے 20 اپریل تک ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے۔


 

Watch Live Public News