ویب ڈیسک:پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ ہانیہ عامر سوشل میڈیا پر متحرک رہتی ہیں سوشل میڈیا پر ان کی فین فالوونگ آئے روز بڑھ رہی ہے، انسٹاگرام پر اس وقت اداکارہ کے فالوورز کی تعداد 18.3 ملین ہے، ہانیہ عامر کے حوالے سے معروف کامیڈین اداکار ناصرچنیوٹی نے اہم خبر دیتے مداحوں کو خوش کردیا۔
تفصیلات کےمطابق پاکستانی نامور کامیڈین اداکار ناصر چنیوٹی نے تصدیق کی ہے کہ ہانیہ عامر انڈین پنجابی فلم میں اہم کردار میں نظر آئیں گی۔ اداکار خود بھی اس فلم میں کردار نبھا رہے ہیں۔
ناصر چنیوٹی نے کہا کہ یہ سچ ہے کہ پاکستان کی سپر اسٹار ہانیہ عامر سردار جی 3 میں کام کر رہی ہیں، اور یہ فلم جون 2025 میں ریلیز ہو رہی ہے۔
ناصر چنیوٹی نے بتایا کہ وہ کوئی سائیڈ رول نہیں بلکہ ایک اہم کردار نبھا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا ہیروئن کا سائیڈ رول نہیں ہوتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہماری انڈسٹری کی سپر اسٹار ہیں، اور انہوں نے پنجابی میں اداکاری کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔ وہ پنجابی بہت اچھی بولتی ہیں جب فلم ریلیز ہو گی تو آپ خود دیکھ لیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ہانیہ عامر اور دلجیت دوسانجھ کی ایک جیسی انسٹا اسٹویز بھی سامنے آئی تھیں جس سے صارفین نے اندازہ لگایا کہ دونوں فنکار ساتھ کوئی پراجیکٹ کر رہے ہیں تاہم دونوں کی جانب سے اس کی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی تھی۔
واضح رہے کہ فلم سردار جی 3، جو بھارتی پنجابی سنیما کی مشہور فرنچائز کا تسلسل ہے جس کی کاسٹ اور کہانی کو پروڈیوسر نے خفیہ رکھا ہوا ہے۔
دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر کی آن اسکرین جوڑی پہلی بار ایک ساتھ نظر آئے گی، جس کا مداحوں کو بےچینی سے انتظار ہے۔
