ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے حوالے سے ہمارے پاس اچھی خبر موجود ہے اور کل کوئی حیران کن واقعہ پیش آ سکتا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگر معاہدہ نہیں ہوا تو امریکا کی ایرانی بندرگاہوں پر پابندیاں برقرار رہیں گی۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ کل کچھ اہم ہونے والا ہے اور ان کے خیال میں یہ بہت مثبت پیش رفت ہو گی۔ ان کے مطابق، کل ایک ایسا سرپرائز ہو سکتا ہے جو دنیا کو حیران کن حد تک خوش کرے گا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی "رائٹرز" کے مطابق امریکی صدر نے مزید کہا کہ کل ایک انتہائی قابل شخصیت وائٹ ہاؤس آ رہی ہے، جو اپنے ملک اور دنیا بھر کی فلاح و بہبود کے بارے میں گہری فکرمند ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ہم کل صبح ایک غیر معمولی نیوز کانفرنس منعقد کرنے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز کو تمام قسم کے تجارتی جہازوں کے لیے کھول دیا ہے، تاہم ایران نے یہ شرط رکھی ہے کہ آبنائے ہرمز کے کھلے رہنے کا دار و مدار سیز فائر پر ہو گا۔ اگر معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی تو ایران آبنائے ہرمز کو دوبارہ بند کر دے گا۔