پی ٹی آئی میں اختلافات پرعمران خان برہم، 2 اہم رہنماؤں کو طلب کرلیا

پی ٹی آئی میں اختلافات پرعمران خان برہم، 2 اہم رہنماؤں کو طلب کرلیا
کیپشن: پی ٹی آئی میں اختلافات پرعمران خان برہم، 2 اہم رہنماؤں کو طلب کرلیا

ویب ڈیسک: سابق صوبائی وزیر شکیل خان کی خیبرپختونخوا کابینہ سے برطرفی کے بعد خیبر پختونخوا میں پارٹی اختلافات پر پاکستان تحریکِ انصاف ( پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان برہم ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہناہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے شکیل خان کے حق میں بیان دینے والے ارکین قومی اسمبلی عاطف خان اور جنید اکبر کو طلب کرلیا اور دونوں اراکین اسمبلی کی آئندہ ہفتے بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رؤف حسن کے بھارت کیساتھ روابط کے چشم کشاء ثبوت سامنے آگئے

ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے عمران خان کو عاطف خان اور جنید اکبر کے حوالے سے شکایت کی ہے، عاطف خان اور جنید اکبر نے برطرف وزیرشکیل خان کے حق میں بیان دیا تھا جبکہ دونوں اراکین اسمبلی نے شکیل خان کی برطرفی کے فیصلے سے اختلاف کیا تھا۔

بیرسٹر سیف کی تصدیق

دوسری جانب مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی میں گروپ بندی کا تاثر دینے پر تشویش کا اظہارکیا ہے۔

بیرسٹرسیف نے یہ بھی تصدیق کی کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے عاطف خان اور جنید اکبر کو ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل بلایا ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل خیبر پختونخوا کے وزیر برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس شکیل خان نے اپنی ہی جماعت کی خیبر پختونخوا حکومت پر کرپشن کے الزامات لگا کر عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا تاہم وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے کہا کہ شکیل خان نے استعفیٰ نہیں دیا بلکہ انہیں برطرف کیا گیا ہے۔

شکیل خان کی برطرفی کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے اندر سے بھی آوازیں اٹھیں اور متعدد اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے شکیل خان کی حمایت میں بیان بھی دیے جبکہ علی امین گنڈا پور اور شکیل خان کے درمیان واٹس ایپ گروپ پر تلخ کلامی بھی ہوئی جس میں دونوں نے ایک دوسرے پر کرپشن کے الزامات عائد کیے۔

Watch Live Public News