خیبرپختونخوا حکومت سے امیدیں لگانے والے بیوقوف اور ذہنی مریض ہیں،عظمیٰ بخاری

خیبرپختونخوا حکومت سے امیدیں لگانے والے بیوقوف اور ذہنی مریض ہیں،عظمیٰ بخاری
کیپشن: سرکاری فنڈز بانٹنے پر خیبرپختونخوا میں لڑائیاں ہورہی ہیں،عظمیٰ بخاری

ویب ڈیسک: صوبائی وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جیسے ہیرے اور گوہر نایاب عمران خان اور بزدار کی کابینہ میں تھے۔ ایسے ہی ہیرےگنڈاپور کی کابینہ میں شامل ہیں۔ کون بیوقوف اور ذہنی مریض ہیں جو ان سے امیدیں لگائے بیٹھے ہیں؟

تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بیرسٹر سیف کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیرسٹر صاحب حقیقت یہی ہے آپ سے صوبہ نہیں چل رہا۔ جو جماعت دوسروں پر کرپشن کے الزامات لگاتی تھی۔ ان کے اپنے وزرا اپنے ہی وزیر اعلی کو چور اور کرپٹ قرار دے رہے ہیں۔ 

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ عمران خان کے بارے میں مشہور تھا یہ کھاتا بھی ہے کھلاتا بھی ہے لیکن لگاتا نہیں۔ علی امین گنڈاپور بالکل اپنے لیڈر کے نقشے قدم پر نہیں چل رہے ہیں۔ 

لیگی رہنما نے الزام عائد کیا کہ علی امین گنڈاپور اکیلے ہی کھا رہے ہیں لیکن کابینہ کو نہیں کھلا رہے۔ اسی بات کی لڑائیاں ٹاک شو اور پریس کانفرنسز تک پہنچ گئی ہیں۔ دودھ کی رکھوالی پر بلے کو بٹھائیں گے تو بچے چیخیں تو ماریں گے۔ خیبر پختونخواہ میں سرکاری فنڈز کے حصے بانٹنے پر لڑائیاں ہو رہی ہیں۔

عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ یہ لوگ پختونوں کی قسمت بدلنے آئے تھے۔ مجھے حیرت بھی ہوتی اور ہنسی بھی آتی ہے۔ کون بیوقوف اور ذہنی مریض ہیں جو ان سے امیدیں لگائے بیٹھے ہیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ جو ہیرے اور گوہر نایاب عمران اور بزدار کی کابینہ میں تھے ایسے ہی ہیرے گنداپوڑ کی کابینہ میں ہیں۔ ان سب کو اپنی اپنی جیبیں بھرنے کی فکر ہے عوام چاہے مہنگی روٹی خریدیں۔

Watch Live Public News