ویب ڈیسک: سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کو شاندار اور تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے عوام میں پائی جانے والی سیاسی بے چینی کم ہوگی۔
اپنے ویڈیو بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ آج کے فیصلے سے عوام کو احساس ہوا ہے کہ عدالتیں اب بھی زندہ ہیں۔ انہوں نے جسٹس شاہد وحید کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ کا فیصلہ عدلیہ کی آزادی کے حوالے سے اہم ہے اور اس سے عدلیہ کی آزادی مزید مضبوط ہوئی ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اس فیصلے کے نتیجے میں جیلوں میں قید دیگر افراد کو بھی رہائی اور سہولیات ملنے کی امید پیدا ہوئی ہے۔ ان کے مطابق آج کے فیصلے نے عدلیہ کی آزادی کو مزید تقویت دی ہے۔