اٹلی: الپس کے پہاڑوں میں ہزاروں ڈائنو سارز کے قدموں کے نشانات دریافت

اٹلی: الپس کے پہاڑوں میں ہزاروں ڈائنو سارز کے قدموں کے نشانات دریافت
کیپشن: اٹلی: الپس کے پہاڑوں میں ہزاروں ڈائنو سارز کے قدموں کے نشانات دریافت

ویب ڈیسک: اٹلی کے ماہرینِ ارضیات نے الپس کے پہاڑی سلسلے میں واقع اسٹیلیوو نیشنل پارک میں ایک غیر معمولی اور حیران کن دریافت کی ہے، جہاں دو ہزار میٹر سے زائد بلندی پر تقریباً عمودی چٹان پر ہزاروں ڈائنو سارز کے قدموں کے نشانات ملے ہیں۔

ماہرین کے مطابق یہ مقام ٹرائیاسک دور سے تعلق رکھنے والے دنیا کے امیر ترین ڈائنو سارز فٹ پرنٹ مقامات میں شمار کیا جا رہا ہے۔ یہ نشانات شمالی اٹلی کے علاقے لومبارڈی میں بوریو کے قریب واقع بلند پہاڑی گلیشیئر وادی ویلے دی فریئلے میں پائے گئے ہیں، جو 2026 کے سرمائی اولمپکس کے چند مقامات میں بھی شامل ہے۔

تحقیق کے مطابق یہ قدموں کے نشانات تقریباً پانچ کلومیٹر کے وسیع علاقے میں پھیلے ہوئے ہیں، جن میں بعض نشانات کی چوڑائی 40 سینٹی میٹر تک ہے اور ان میں پنجوں اور ناخنوں کے واضح نقوش موجود ہیں۔

میلان کے نیچرل ہسٹری میوزیم سے وابستہ ماہرِ آثارِ قدیمہ کریستیانو دال ساسو نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ یہ اٹلی کے سب سے بڑے اور قدیم ڈائنو سارز فٹ پرنٹ مقامات میں سے ایک ہے، اور اپنے 35 سالہ کیریئر میں انہوں نے ایسا شاندار منظر شاذ و نادر ہی دیکھا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ قدموں کے نشانات غالباً لمبی گردن والے سبزی خور ڈائنو سارز، جنہیں پلیٹیوسارس کہا جاتا ہے، نے چھوڑے تھے۔ اندازوں کے مطابق یہ نشانات 200 ملین سال سے زائد پرانے ہیں۔ اس دور میں یہ علاقہ ایک گرم لاگون تھا، جہاں ڈائنو سارز ساحلی علاقوں میں آزادانہ گھومتے تھے اور کیچڑ میں بننے والے ان کے قدموں کے نشانات وقت کے ساتھ محفوظ ہو گئے۔

Watch Live Public News