خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل، گورنر نے سمری پر دستخط کر دیئے

خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل، گورنر نے سمری پر دستخط کر دیئے
پشاور: گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے خیبرپختونخواہ اسمبلی تحلیل کرنے کی وزیراعلی کی سمری پر دستخط کر دیئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے گذشتہ روز صوبائی اسمبلی کی تحلیل کی سمری گورنر کو ارسال کی گئی تھی۔ محمود خان کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی توڑنے کا فیصلہ ملکی مفاد میں کیا گیا ہے ، عام انتخابات میں ملک میں 2 تہائی اکثریت سے حکومت قائم کریں گے۔ خیبرپختونخوا کے گورنر غلام علی نے وزیراعلیٰ کی ایڈوائس پر اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کردیے ہیں ۔ گورنر کی جانب سے سمری پر دستخط کیے جانے کے بعد سے صوبائی کابینہ بھی تحلیل ہوچکی ہے تاہم محمود خان نگران وزیراعلیٰ کے تقرر تک اپنا کام جاری رکھیں گے ۔ گورنر ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق گورنر حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ 1973 کے آئین کےآرٹیکل 112 کی شق (1) کے تحت کے پی اسمبلی تحلیل کرتاہوں، اسمبلی کے ساتھ صوبائی کابینہ بھی تحلیل ہو گئی ہے، آرٹیکل اے224 کی شق (4) کے تحت موجودہ وزیراعلیٰ نگران وزیراعلیٰ کی تقرری تک کام کریں گے۔ اعلامیے کے مطابق نگران وزیراعلیٰ کا تقرر گورنر نے وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے 3 دن میں کرنا ہے، گورنرآفس اس مدت میں بغیرکسی رسمی تقرری کے مشاورت کے لیے دستیاب ہوگا۔ خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی پہلے سے ہی تحلیل کی جاچکی ہے کہ جہاں نگران وزیراعلیٰ کیلئے بھی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے ۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔