ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے جو بائیڈن سے صدارتی معافی کی اپیل کر دی

ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے جو بائیڈن سے صدارتی معافی کی اپیل کر دی

ویب ڈیسک:امریکی جیل میں قید پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے امریکی صدر جو بائیڈن سے صدارتی عہدہ چھوڑنے سے ایک روز قبل از خود معافی کی اپیل کردی ہے۔

تفصیلات کےمطابق برطانوی ٹیلی ویژن ’اسکائی نیوز‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی جیل میں قید پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے امریکی صدر جو بائیڈن جن کو صدارتی عہدہ چھوڑنے کے لیے صرف ایک دن رہ گیا ہے سے ان کی سزا معاف کرنے کی از خود اپیل کر دی ہے۔

’اسکائی نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن کا اتوار کو صدارت کے عہدے کا آخری دن ہے، جس کے بعد ان کی جگہ نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ عہدہ سنبھالیں گے، جو بائیڈن اس سے پہلے ہی اپنے بیٹے سمیت 39 افراد کو صدارتی معافی دے کر رہا کروا چکے ہیں۔

’اسکائی نیوز‘ نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے وکیل کلائیو سٹافورڈ ان کی صدارتی معافی کے لیے انتہائی پر امید ہیں، حتیٰ کہ ان کا کہنا ہے کہ وہ اس بات پر بھی پوری امید رکھتے ہیں کہ عافیہ صدیقی کو جو بائیڈن کی جانب سے معافی نہ ملی تو انہیں نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ سے بھی معافی ملنے کا امکان ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے اپنی اپیل میں لکھا ہے کہ وہ نا انصافی کا شکار ہوئی ہیں، انہیں انصاف ملنا چاہیے اور انہیں امید ہے کہ موجودہ امریکی انتظامیہ انہیں رہا کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکا کی ایک عدالت نے 86 برس قید کی سزا سنائی تھی، جس کے بعد وہ اس وقت تک امریکی جیل میں قید ہیں۔

Watch Live Public News