ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی کے گل پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے زخمیوں کو تمام سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعظم نے متاثرہ تاجروں اور دیگر افراد کو ہر ممکن امداد دینے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے ریسکیو آپریشن میں تمام متعلقہ اداروں کو مل کر کام کرنے کی ہدایت کی اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
دوسری جانب، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی کراچی میں گل پلازہ میں ہونے والی آتشزدگی کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مشکل وقت میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ اور میئر کراچی کو ہدایت کی کہ آگ بجھانے اور ریسکیو آپریشن کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور متاثرین کو فوری امداد فراہم کی جائے۔