گل پلازہ سے ڈیڑھ لاکھ خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے ، صدر موبائل الیکٹرانکس ڈیلر ایسوسی ایشن

 گل پلازہ سے ڈیڑھ لاکھ خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے ، صدر موبائل الیکٹرانکس ڈیلر ایسوسی ایشن
کیپشن:  گل پلازہ، ڈیڑھ لاکھ خاندانوں، روزگار ،وابستہ ، صدر موبائل الیکٹرانکس ڈیلر ایسوسی ایشن

ویب ڈیسک: موبائل الیکٹرانکس ڈیلر ایسوسی ایشن کے صدر منہاج گلفام نے کراچی کے گل پلازہ میں لگنے والی خوفناک آتشزدگی کے حوالے سے کہا ہے کہ پوری مارکیٹ جل کر خاکستر ہو گئی ہے، جو اربوں روپے کا ٹیکس پیدا کرتی تھی۔  گل پلازہ سے ڈیڑھ لاکھ خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے.

 انھوں نے مزید کہا کہ  یہ آگ صرف کراچی کی مارکیٹ کو نہیں بلکہ کراچی کی معیشت کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ منہاج گلفام نے خبردار کیا کہ تاجر اور خریدار اب بھی پلازے میں موجود ہیں، اور ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔

واضح رہے کہ پچھلے 12 گھنٹوں سے جاری آتشزدگی کے باعث گل پلازہ میں دراڑیں پڑ چکی ہیں اور عمارت منہدم ہونے کا خدشہ ہے۔ تیسرے درجے کی آگ کے سبب پلازے میں وقفہ وقفہ سے سلنڈر اور اے سی کے پھٹنے کی آوازیں بھی سنائی دے رہی ہیں۔

آگ لگنے سے اب تک 6 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں سے زخمی آصف، فراز اور عامر اسپتال میں دم توڑ چکے ہیں۔ 2 لاشیں پلازے کی ایک دکان سے ملی ہیں، اور ریسکیو اہلکار فرقان ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے ہیں۔ اسپتال میں زیر علاج 20 زخمیوں میں سے 12 کی حالت تشویش ناک ہے۔

پلازے کی دوسری اور تیسری منزل پر متعدد افراد کے پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں، جنہیں تلاش کرنے کے لیے فائر بریگیڈ اسنارکل کی مدد لے رہا ہے۔ شہر بھر سے فائر ٹینڈر بھی جائے وقوعہ پر پہنچ چکے ہیں اور ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

Watch Live Public News