ویب ڈیسک: سائنسدانوں نے شوگر کے مریضوں کو بڑی خوشخبری سنا دی ہے۔
انہوں نے ایک نئی قسم کی قدرتی شکر تیار کی ہے جو عام شکر کی طرح میٹھی تو ہے، مگر صحت کے لیے فائدہ مند ہے۔ اس شکر کا نام "ٹاگیٹوز" رکھا گیا ہے، جو کیلوریز میں کم اور خون میں شوگر یا انسولین کی سطح کو اچانک بڑھانے میں ناکام ہے، اس لیے یہ خاص طور پر شوگر کے مریضوں کے لیے مفید ثابت ہو سکتی ہے۔
ٹاگیٹوز کی کیلوریز عام شکر کے مقابلے میں ایک تہائی ہیں، جس سے وزن بڑھنے کا خطرہ بھی کم ہو جاتا ہے۔ یہ شکر قدرتی طور پر کچھ پھلوں اور دودھ میں تھوڑی مقدار میں پائی جاتی ہے۔
اسے بنانا پہلے مہنگا اور مشکل تھا، مگر سائنسدانوں نے بیکٹریا کی مدد سے اسے آسانی سے تیار کرنے کا طریقہ دریافت کیا ہے، اور اس بیکٹریا کو "ای کولی" کا نام دیا گیا ہے۔ اس نئے طریقے سے پیداوار کی شرح 95 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جو پہلے کے طریقوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ شکر دانتوں کے لیے بھی فائدہ مند ہے اور منہ میں جراثیم کو بڑھنے نہیں دیتی۔ یہ جزوی طور پر ہضم ہوتی ہے اور وزن اور کولیسٹرول کو بہتر بنانے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ اس پر مزید تحقیق جاری ہے۔