وزیر اعلی سندھ کو گل پلازہ میں آتشزدگی سے متعلق کمشنر کراچی ، ڈی سی ساؤتھ کی رپورٹ پیش

وزیر اعلی سندھ کو گل پلازہ میں آتشزدگی سے متعلق کمشنر کراچی ، ڈی سی ساؤتھ کی رپورٹ پیش

(ویب ڈیسک )وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو گل پلازہ میں آتشزدگی سے متعلق کمشنر کراچی اور  ڈپٹی کمشنر ساؤتھ  نے رپورٹ پیش کردی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گل پلازہ میں آتشزدگی کا واقعہ رات 9:45 سے 10:15 بجے کے درمیان پیش آیا۔ گل پلازہ آتشزدگی کے نتیجے میں 1200 سے زائد دکانیں جل گئیں۔

وزیر اعلی سندھ کو بریفنگ دی گئی کہ فائر بریگیڈ کی کارروائی کے بعد آگ پر 60 سے 70 فیصد قابو پا لیا گیا، حادثے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 22 افراد زخمی ہوئے، تمام زخمیوں کو سول اسپتال کراچی کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا۔امدادی کارروائی میں 22 فائر بریگیڈ گاڑیاں، 10 واٹر باؤزرز اور 4 اسنارکل گاڑیاں شامل رہیں۔

وزیر اعلی سندھ کو بتایا گیا کہ ریسکیو 1122 آپریشن میں 33 ایمبولینسز نے بھی حصہ لیا۔

وزیراعلیٰ سندھ  نے   گل پلازہ آتشزدگی میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار  کیا۔انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ  نے گل پلازہ سانحہ میں بھاری مالی نقصان پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے آگ بجھانے کے دوران شہید ہونے والے فائر فائٹر کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے  کہا کہ فائر فائٹرز نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر شہریوں کی زندگیاں بچائیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ ریسکیو اور کولنگ کا عمل مکمل خاتمے تک جاری رکھا جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو اداروں کو رسکیو آپریشن جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔

وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس آگ کے مکمل خاتمے اور صورتحال کے معمول پر آنے تک کام کرتی رہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ وزیر اعلی سندھ نے ہدایت کی کہ آئندہ ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ  عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ادارے ہمیشہ الرٹ اور تیار رہیں، سندھ حکومت نے تاجر برادری کو نہ پہلے اکیلا چھوڑا ہے اور نہ اب چھوڑیگی ، مجھے جانی نقصان کا شدید دکھ ہے ۔

Watch Live Public News