پاکستان کو زبردست کامیابی حاصل، چاول برآمد کرنیوالا تیسرا بڑا ملک بن گیا

پاکستان کو زبردست کامیابی حاصل، چاول برآمد کرنیوالا تیسرا بڑا ملک بن گیا

ویب ڈیسک: پاکستان کی چاول کی برآمدات نے دسمبر 2025 میں زبردست بحالی کا مظاہرہ کیا اور نومبر کے مقابلے میں 14 فیصد ماہانہ اضافہ ریکارڈ کیا، جس کی وجہ باسمتی برآمدات میں 50 فیصد سے زائد اضافہ بتایا گیا ہے، اس مضبوط کارکردگی کے باعث پاکستان دسمبر میں ویتنام کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بھارت اور تھائی لینڈ کے بعد دنیا کا تیسرا بڑا چاول برآمد کنندہ بن گیا۔

تجارتی اعداد و شمار کے مطابق پاکستان نے دسمبر 2025 میں ایران کو شامل کیے بغیر 4 لاکھ 89 ہزار ٹن چاول برآمد کیے، جبکہ ویتنام کی برآمدات 3 لاکھ 87 ہزار ٹن رہیں۔ یہ پاکستان کی چاول برآمدات کی ماہانہ سطح پر بہترین کارکردگی ہے اور شعبے میں نئی رفتار کی عکاسی کرتی ہے۔

متحدہ عرب امارات پاکستان کے چاول کا سب سے بڑا خریدار رہا، جس نے 74 ہزار 897 ٹن چاول درآمد کیے، جن میں 16 ہزار 850 ٹن باسمتی شامل تھے۔ چین نے 74 ہزار 685 ٹن چاول خریدا۔

  تنزانیہ، کینیا، آئیوری کوسٹ، گنی بساؤ، ملائیشیا، مڈغاسکر، قازقستان، سعودی عرب، یورپی یونین اور برطانیہ، عمان، امریکا اور کینیڈا شامل تھے۔ باسمتی کے حوالے سے ازبکستان کو 10 ہزار 382 ٹن چاول برآمد کیے گئے۔

ماہرین کے مطابق اس سے ایک ساختی تبدیلی کا پتہ چلتا ہے، کیونکہ پاکستان اب وسطی ایشیائی ریاستوں جیسے قازقستان، ازبکستان، آذربائیجان، ترکمانستان، تاجکستان اور کرغزستان کو براہ راست برآمدات کر رہا ہے۔

پہلے یہ تجارت زیادہ تر افغانستان کے ذریعے غیر مستقیم طور پر ہوتی تھی، لیکن افغان سرحد کی بندش نے براہ راست برآمدی راستے متعارف کرائے ہیں اور پاکستان کی موجودگی اس خطے میں زیادہ نمایاں ہو گئی ہے۔

 اگرچہ دسمبر کے اعداد و شمار خوش آئند ہیں، چاول برآمدات کے شعبے کو اب بھی گہرے مسائل کا سامنا ہے۔ ساختی، مالیاتی، مارکیٹنگ اور صلاحیت سے متعلق کمزوریاں برقرار ہیں، جن میں سب سے بڑا خلا عراق کو پاکستان کی نامعلوم سطح کی برآمدات ہے، جو اس وقت سعودی عرب کے بعد بھارت کے باسمتی چاول کا دنیا میں دوسرا بڑا درآمد کنندہ ہے۔

اسی طرح ترکی کو پاکستان کی برآمدات نہ ہونے کے برابر ہیں، جبکہ یہ ملک عراق، اردن، شام اور مشرقی یورپ کے کچھ حصوں کے لیے اہم ٹرانزٹ مرکز ہے۔

امریکا نے بھارت پر باسمتی چاول کی برآمدات پر 50 فیصد ٹیرف عائد کیا ہے، جس سے پاکستان کو فائدہ پہنچ رہا ہے اور امریکا کی طرف برآمدات بتدریج بڑھ رہی ہیں۔

Watch Live Public News