پنجاب بھر میں آٹا اورچینی کے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

پنجاب بھر میں آٹا اورچینی کے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ
لاہور: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ میں آٹا اورچینی کے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے سپیشل برانچ کو مانیٹرنگ کی ذمہ داریاں تفویض کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا، صنعت اور خزانہ کے محکموں کے سیکرٹریز، ڈائریکٹر فوڈ پنجاب اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ سیکرٹری خوراک نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبہ میں گندم اور چینی کے وافر سٹاک موجود ہیں۔ اجلاس میں آٹا اور چینی کی قیمتیں کنٹرول کرنے کیلئے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ آٹا اور چینی کی مقررہ سے زائد نرخوں پر فروخت قابل قبول نہیں، اشیاء کی مصنوعی قلت پیدا کرکے صارفین کو لوٹنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ چیف سیکرٹری نے افسران کو ہدایت دیں کہ موثر انتظامی اقدامات کے ذریعے آٹا اور چینی کی قیمتوں میں استحکام لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ اشیاء کی قیمتوں کیساتھ انکی طلب اور رسد پر بھی کڑی نظر رکھی جائے۔ ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی کیلئے سپیشل برانچ انتظامیہ کو معاونت فراہم کریگی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔