(ویب ڈیسک ) لاہور چڑیا گھر کی انتظامیہ نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے تفریحی سہولتوں پر 50 فیصد رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کے لیے سیر و تفریح کو سستا بنانا اور چڑیا گھر کے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے۔
اگرچہ چڑیا گھر کا داخلہ ٹکٹ اور پارکنگ چارجز بدستور برقرار رہیں گے، لیکن ریپٹائلز ہاؤس، فِش ایکوریم، ہولوورس، ورچوئل رئیلٹی اور مکسڈ رئیلٹی پر خصوصی رعایت دی جائے گی۔
ریپٹائلز ہاؤس اور فِش ایکوریم کی 200 روپے والی ٹکٹ اب صرف 100 روپے میں دستیاب ہوگی، جبکہ ہولوورس (300 روپے)، ورچوئل رئیلٹی (200 روپے) اور مکسڈ رئیلٹی (100 روپے) کی ٹکٹ پر بھی آدھی قیمت وصول کی جائے گی۔
انتظامیہ کے مطابق فی الحال ہولوورس، وی آر اور مکسڈ رئیلٹی سہولتیں صفائی و مرمت کے باعث عارضی طور پر بند ہیں، تاہم جلد بحال کر دی جائیں گی۔
یہ فیصلہ کیپٹو وائلڈ لائف مینجمنٹ کمیٹی کی منظوری کے بعد کیا گیا، جس کا مقصد شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور چڑیا گھر کو مزید پرکشش بنانا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں چڑیا گھر کی دیکھ بھال کرنے والی نجی کمپنی نے اپنا معاہدہ ختم کر دیا تھا، جس کے بعد تمام انتظامات دوبارہ چڑیا گھر انتظامیہ نے سنبھال لیے ہیں۔