ورلڈ کپ 2026 کی فاتح ٹیم کو پہلی بار چیمپئن شپ رنگز بھی دی جائیں گی، فیفا

ورلڈ کپ 2026 کی فاتح ٹیم کو پہلی بار چیمپئن شپ رنگز بھی دی جائیں گی، فیفا
کیپشن: ورلڈ کپ 2026 کی فاتح ٹیم کو پہلی بار چیمپئن شپ رنگز بھی دی جائیں گی، فیفا

ویب ڈیسک: فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے اعلان کیا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کی فاتح ٹیم کو پہلی بار روایتی ورلڈ کپ ٹرافی اور گولڈ میڈلز کے ساتھ خصوصی چیمپئن شپ رنگز (انگوٹھیاں) بھی دی جائیں گی۔

فیفا کے مطابق اس اقدام کے ذریعے پہلی مرتبہ کسی بھی فیفا ٹورنامنٹ کے فاتحین کو امریکی کھیلوں کی روایت کے مطابق چیمپئن شپ رنگز سے بھی نوازا جائے گا۔ ورلڈ کپ کی مناسبت سے مجموعی طور پر 2 ہزار 26 رنگز تیار کی جائیں گی۔

اعلامیے کے مطابق ان میں سے 30 رنگز فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور آفیشلز کے لیے مختص ہوں گی، جبکہ باقی ایک ہزار 996 رنگز دنیا بھر کے شائقین کے لیے آفیشل لائسنس یافتہ یادگاری مصنوعات کے طور پر فروخت کی جائیں گی۔

فیفا کا کہنا ہے کہ ہر رنگ کے ایک جانب فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کا ڈیزائن کندہ ہوگا، جبکہ دوسری جانب فاتح ٹیم کی شناخت نمایاں کی جائے گی۔ ہر انگوٹھی منفرد سیریل نمبر، سرٹیفکیٹ آف آتھنٹیسٹی اور متعلقہ کھلاڑی یا آفیشل کے مطابق خصوصی سائز کے ساتھ تیار کی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق فائنل کے اختتام پر فاتح ٹیم کے کپتان اور ہیڈ کوچ کو یادگار کے طور پر عارضی چیمپئن شپ رنگز پیش کی جائیں گی، جبکہ بعد ازاں تیار کی جانے والی تمام 30 مستقل رنگز ایک خصوصی تقریب میں باضابطہ طور پر فاتح ٹیم کے حوالے کی جائیں گی۔

Watch Live Public News