اسلام آباد: ( پبلک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے فیٹف کی شرائط مکمل ہونے پر پاکستان کی کامیابی پر تمام متعلقہ عہدیداروں کو فرداً فرداً ٹیلی فون کیا اور پاکستان کی اہم کامیابی پر مبارک دی ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو ٹیلی فون کیا اور فاٹف کی گرے لسٹ سے پاکستان کانام نکلنے کے عمل پر کوششوں کو سراہا ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو بھی ٹیلی فون کیا اور فاٹف کی گرے لسٹ سے متعلق شرائط مکمل ہونے کے اعلان پر مبارک دی ۔وزیراعظم نے جنرل ہیڈکوارٹرز میں 'کور سیل' کے قیام کے آرمی چیف کے فیصلے کو سراہا۔ وزیر اعظم نے آرمی چیف سے گفتگو میں کہا کہ 'کور سیل' میں شامل سول اور ملٹری قیادت اور ٹیم کو شاباش دیتا ہوں، پاکستان کی جیت کے لئے کام کرنے والے ٹیم کے ہر فرد ہو قوم کو فخر ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور وزیر مملکت خارجہ حنا ربانی کھر کو بھی ٹیلیفون کیا، وزیر اعظم نے وزیر خزانہ، وزیر مملکت خارجہ اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور شاباش دی۔