یونان کشتی حادثہ : وزیر اعظم کا پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کا سخت نوٹس ، یوم سوگ کا اعلان

یونان کشتی حادثہ : وزیر اعظم کا پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کا سخت نوٹس ، یوم سوگ کا اعلان
اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے یونان میں کشتی ڈوبنے کے حادثے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کا سخت نوٹس لے لیا۔ وزیر اعظم نے 19 جون کو یوم سوگ کا اعلان بھی کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق یونان میں 14 جون کو حادثے پر وزیراعظم نے 19 جون کو قومی سوگ منانے کا اعلان کیا ہے، کل قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور جاں بحق ہونے والوں کے لئے خصوصی دعا کی جائے گی۔ وزیراعظم نے واقعے کی تحقیقات کے لئے چار رُکنی اعلی سطح کمیٹی بھی تشکیل دے دی ، نیشنل پولیس بیورو کے ڈائریکٹر جنرل احسان صادق کمیٹی کے چئیرمین مقرر ، وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری (افریقہ) جاوید احمد عمرانی کمیٹی کے رُکن مقرر ، اسکے علاوہ آزادجموں وکشمیر پونچھ ریجن کے ڈی آئی جی سردار ظہیراحمد اور وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکریٹری (ایف آئی اے) فیصل نصیر کو بھی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔ کمیٹی یونان میں کشتی ڈوبنے کے تمام حقائق جمع کرے گی، انسانی سمگلنگ کے پہلو کی تحقیق ہوگی اور ذمہ داروں کا تعین کیاجائے گا ۔ عالمی سطح پر اس مسئلے کے حل کے لئے تعاون اور اشتراک عمل کی تجاویز دی جائیں گی ، فوری، درمیانی اور طویل المدتی قانون سازی کا جائزہ لیاجائے گا ، ایسے واقعات کا سبب بننے والے افراد، کمپنیوں اور ایجنٹوں کو سخت ترین سزائیں دینے کے لئے قانون سازی ہوگی۔ کمیٹی ایک ہفتے میں رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی ، کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔