عیدالاضحیٰ کےدوسرےدن بھی ملک بھر میں سنت ابراہیمی کی ادائیگی

عیدالاضحیٰ کےدوسرےدن بھی ملک بھر میں سنت ابراہیمی کی ادائیگی
کیپشن: عیدالاضحیٰ کےدوسرےدن بھی ملک بھر میں سنت ابراہیمی کی ادائیگی

ویب ڈیسک: عیدالاضحیٰ کے دوسرے دن بھی ملک بھر میں سنت ابراہیمی کی ادائیگی کا سلسلہ جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور، اسلام آباد، کراچی ، پشاور سمیت ملک کے مختلف مقامات پر عید کے دوسرے روز بھی صبح سے ہی سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانور قربان کئے جا رہے ہیں۔

قصابوں نے نخرے دکھانے کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رکھا، جانور قربان کرنے کیلئے منہ مانگے دام وصول کرنے لگے۔

دوسری جانب کل کے مہمان آج بنیں گے میزبان، عید کے دوسرے روز بھی گھروں میں شہریوں کی جانب سے ناشتے کے بعد دوپہر کے مزیدار کھانوں کی تیاریوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

اسی طرح عید کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کیلئے کہیں سیر سپاٹے کو کہیں دعوتوں کے دوران ہلے گلے کا پروگرام ہے، بچہ پارٹی نے بھی اپنے پلان تیار کر لئے ہیں۔

واضح رہے کہ عید کے پہلے روز بھی سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے بعد خواتین نے کچن کا ہولڈ سنبھالا، مزے مزے کے کھانے بنائے، کسی نے نہاری، کلیجی بنائی تو کہیں قورمہ اور پلاؤ پکایا گیا، جہاں گھروں میں لذیز کھانے بنتے رہے وہیں پیارے جانور قربان ہونے پر بچے افسردہ دکھائی دیئے۔

علاوہ ازیں قربانی کے بعد کہیں آلائشیں بروقت اٹھائی جا رہی ہیں تو کہیں رہائشی علاقوں اور سڑکوں پر آلائشیں پڑے رہنے کے باعث تعفن پیدا ہونے سے لوگوں کی مشکلات بھی بڑھ رہی ہیں۔

ادھر عید کے موقع پر تفریح گاہوں اور سیاحتی مقامات پر بھی عوام کا رش لگ گیا، شہریوں کی بڑی تعداد نے مری، گلیات اور شمالی علاقوں کا رخ کر لیا ہے۔

Watch Live Public News