فوجی جوانوں کی قربانی کو تنخواہ سے جوڑنا شہدا کی توہین ہے، خواجہ آصف کا فضل الرحمان کے بیان پر ردعمل

فوجی جوانوں کی قربانی کو تنخواہ سے جوڑنا شہدا کی توہین ہے، خواجہ آصف کا فضل الرحمان کے بیان پر ردعمل
کیپشن: فوجی جوانوں کی قربانی کو تنخواہ سے جوڑنا شہدا کی توہین ہے، خواجہ آصف کا فضل الرحمان کے بیان پر ردعمل

ویب ڈیسک: وزیر دفاع خواجہ آصف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فوجی جوانوں کی وطن کے لیے قربانی کو تنخواہ سے جوڑنا شہدا کی توہین اور ان کے اہل خانہ کے جذبات کی دل آزاری ہے۔

خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایک سینئر سیاستدان اور ممتاز مذہبی رہنما ہیں، اس لیے ان سے الفاظ کے انتخاب میں زیادہ ذمہ داری کی توقع کی جاتی ہے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ کوئی شخص محض تنخواہ کے لیے اپنی جان قربان نہیں کرتا، بلکہ قربانی کے پیچھے فرض شناسی، نظریہ، عقیدہ اور وطن سے وابستگی جیسے عوامل ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت یا ریاستی پالیسیوں سے اختلاف کیا جا سکتا ہے، تاہم ملک کے لیے جان دینے والوں کی قربانی، جذبے اور وابستگی پر سوال اٹھانا قابل قبول نہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اور عام شہری اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، ایسی قربانیوں کو محض ملازمت یا تنخواہ سے جوڑنا سیاسی تنقید نہیں بلکہ اخلاقی بے حسی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے بیان سے ہزاروں شہدا، غازیوں، بیواؤں اور یتیموں کے جذبات متاثر ہوئے ہیں۔

Watch Live Public News