تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی اور کارکنوں کی جانب سے سندھ ہاؤس اسلام آباد پر حملے کے معاملے پر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور ان کے والد سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کا ردعمل سامنے آگیا۔ بلاول کا کہنا ہے کہ عمران خان نے سندھ پر لشکر کشی کرواکر اپنا اصل بغض ظاہر کردیا، ہم قانون کو ہاتھ میں لینے والے لوگ نہیں تاہم جانتےہیں سرکش عناصر سے کیسے نمٹا جاتا ہے۔ بلاول نے کہا کہ عوامی نمائندوں، اعلیٰ عدالتوں کے ججوں کے خاندانوں کی رہائشگاہ پر حملہ کیاگیا، حملہ کرواکر عمران خان نے چادر چار دیواری کا تقدس بھی پامال کیا، پارلیمنٹ لاجزپرحملہ کرنے والوں نےسندھ ہاؤس پر حملہ کرکے فسطائیت کا اظہار کیا، عمران خان اپنی شکست دیکھ کربوکھلا چکےہیں، اوچھے ہتھکنڈوں سے 172 کی حمایت حاصل نہیں ہوسکتی۔ سابق صدر آصف زرداری نے بھی سندھ ہاؤس پر پی ٹی آئی کارکنان کےحملےکی مذمت کی اور کہا کہ عمران خان کے پاس اگر نمبرز پورے ہوتے تو ایوان میں طاقت کا مظاہرہ کرتے، عمران خان نے سندھ ہاؤس پر نہیں بلکہ وفاق میں سندھ کی علامت پر حملہ کیا، حملہ کرواکر دراصل سندھ پر لشکر کشی کی کوشش کی گئی۔ آصف زرداری نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کے وفاقی تشخص کوبھی ٹھیس پہنچائی، یہ ناقابل برداشت ہے، پاکستان کےعوام دیکھ رہےہیں کہ کون جمہوری اقدارکا حامل ہے، عوام جانتےہیں کون انتشار پھیلا کر ملک کو انارکی کی جانب دھکیلنا چاہتا ہے۔