ویب ڈیسک: دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بنگلادیش کی ٹیم پاکستان کے خلاف دوسری اننگز میں 390 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور یوں پہلی اننگز کی 46 رنز کی برتری کی بدولت مہمان ٹیم کو 437 رنز کا ہدف دے دیا ۔
بنگلادیش کی جانب سے مشفیق الرحیم نے سب سے زیادہ 137 رنز بنائے، جبکہ لٹن داس 69 اور محمود الحسن جوئے 52 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
تیسرے روز کھیل کا آغاز بنگلادیش نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز سے کیا، اور جلد ہی کپتان نجم الحسن شانتو 115 کے اسکور پر 15 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ پانچویں وکٹ 238 رنز پر گری جب لٹن داس 69 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ اس کے بعد بنگلادیش کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ میزبان ٹیم کی آخری وکٹ مشفیق الرحیم کی صورت میں گری جنہوں نے 137 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سےخرم شہزاد نے 4، ساجد خان 3، حسن علی 2 اور محمد عباس نے 1 وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 232 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی تھی، جس کے بعد میزبان ٹیم کو پہلی اننگز میں 46 رنز کی برتری حاصل ہو گئی تھی۔
میچ کے پہلے روز بنگلادیش نے اپنی پہلی اننگز میں 278 رنز بنائے تھے۔لٹن داس نے شاندار 126 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد، محمد عباس، حسن علی اور ساجد خان نے اہم وکٹیں حاصل کیں۔