ویب ڈیسک: فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے غزہ سے متعلق سلامتی کونسل کی قرارداد مسترد کر دی۔
فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے سلامتی کونسل کی غزہ سے متعلق قرارداد کو مسترد کر دیا ہے۔ حماس کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ قرارداد فلسطینیوں کے حقوق اور ان کے جائز مطالبات کو پورا نہیں کرتی۔
حماس کے رہنما کے مطابق، اس قرارداد میں غزہ پر بین الاقوامی سرپرستی مسلط کرنے کی کوشش کی گئی ہے، اور غزہ میں بین الاقوامی فورس کی تعیناتی اس خطے کو غیرجانبدار نہیں رہنے دے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حماس اسرائیل کے خلاف ہر قسم کی مزاحمت کو جائز سمجھتی ہے اور ہتھیار ڈالنے کے مطالبے کو مسترد کرتی ہے۔
یاد رہے کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں صدر ٹرمپ کے غزہ سے متعلق منصوبے کی حمایت میں ایک قرارداد منظور کی گئی ہے۔ اس قرارداد میں غزہ کے لیے بین الاقوامی استحکام فورس کی تعیناتی اور عبوری حکومت کے قیام جیسے نکات شامل ہیں۔
اس قرارداد کے حق میں پاکستان سمیت 13 ممالک نے ووٹ دیا، جبکہ روس اور چین نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔