ویب ڈیسک: جاپان میں ریچھوں کو رہائشی علاقوں سے دور رکھنے کے لیے ایک منفرد اقدام کرتے ہوئے بھونکنے والے ڈرونز تعینات کر دیے گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپان کے شہر ہِدا میں گزشتہ ہفتے ان ڈرونز کا باقاعدہ استعمال شروع ہوا۔ یہ ڈرونز اسپیکرز سے لیس ہیں جن کے ذریعے شکاری کتوں کی آوازیں چلائی جاتی ہیں تاکہ ریچھ ڈر کر آبادی سے دور چلے جائیں۔
مقامی حکام کے مطابق ریچھوں کو پہاڑی علاقوں کی طرف دھکیلنے کے لیے آتش بازی کا استعمال بھی کیا گیا ہے، تاکہ وہ گہرے جنگلات کی طرف واپس چلے جائیں۔
رپورٹس کے مطابق رواں سال اپریل سے اب تک جاپان میں ریچھوں کے حملوں میں 220 افراد زخمی ہو چکے ہیں، جب کہ باغات میں پھلوں کو بھی خاصا نقصان پہنچا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ آبادی میں ریچھوں کی مسلسل آمد ایک سنگین مسئلہ بنتی جا رہی ہے، جس سے نمٹنے کے لیے جدید اور مؤثر طریقوں کا استعمال ضروری ہو گیا ہے۔