(ویب ڈیسک ) فلسطینی اتھارٹی نے غزہ سے متعلق اقوام متحدہ کی قرارداد کا بھر پور خیرمقدم کیا ہے۔
وزارت خارجہ فلسطینی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی نئی قرارداد تاریخ ساز پیش رفت ہے، قرارداد غزہ میں مستقل اور جامع جنگ بندی اور انسانی امداد کی بے روک ٹوک رسائی کی ضمانت دیتی ہے، قرارداد فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت اور آزاد و خودمختار ریاست کے قیام کی بین الاقوامی توثیق بھی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ قرارداد پر فوری اور مؤثر عمل درآمد ہی غزہ میں معمولاتِ زندگی کی بحالی اور بے گناہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنا سکتا ہے، قرارداد کا نفاذ ہمارے عوام کی جبری بے دخلی کو روکنے، محاصرے کے خاتمے اور مسلسل فوجی جارحیت کو تھامنے کے لیے نہایت ضروری ہے، قابض افواج کا مکمل انخلا ہی تعمیرِ نو، گھروں اور بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور غزہ میں باوقار زندگی کی واپسی کی بنیاد بنے گا۔
وزارت خارجہ فلسطینی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ قرارداد پر عمل درآمد دو ریاستی حل کو مضبوط بنانے اور ہر قسم کے الحاقی منصوبوں اور ناجائز توسیع کو روکنے کے لیے فیصلہ کن حیثیت رکھتا ہے، امریکی انتظامیہ، سلامتی کونسل کے ارکان، عرب اور اسلامی ممالک، یورپی اتحاد اور اقوام متحدہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں۔
جاری بیان کے مطابق عالمی شراکت داروں کے ساتھ یہ مشترکہ عمل غزہ، مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس کے عوام کی طویل اذیت اور ظلم و جبر کے خاتمے کے لیے ہے، قرارداد ایسا سیاسی راستہ کھولتی ہے جو فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان منصفانہ امن، پائیدار سلامتی اور باہمی احترام کی فضا قائم کر سکتا ہے۔فلسطینی اتھارٹی سرزمین، عوام اور اداروں کی وحدت کے فریم ورک کے اندر غزہ کی پٹی کی مکمل ذمہ داری سنبھالنے کے لیے تیار ہے۔
وزارت خارجہ فلسطینی اتھارٹی نے بیان میں کہا ہے کہ غزہ، مغربی کنارہ اور مشرقی بیت المقدس کو ریاستِ فلسطین کا لازمی اور ناقابلِ تقسیم حصہ سمجھا جاتا ہے، ان تمام ممالک کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا یا اس کی بھرپور اخلاقی اور سفارتی حمایت کی، عالمی برادری کا یہ عزم قبضے کے خاتمے، آزادی اور مکمل خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے مشترکہ ذمہ داری کا اظہار ہے، منصفانہ اور جامع سیاسی حل ہی خطے اور پوری دنیا میں حقیقی امن، استحکام اور سلامتی لا سکتا ہے اور یہی اس قرارداد کا بنیادی پیغام ہے۔
State of Palestine welcomes the UN resolution on Gaza and affirms its readiness to support implementation and assume its full responsibilities
— State of Palestine - MFA ???????????????? (@pmofa) November 18, 2025
The State of Palestine tonight welcomed the adoption by the United Nations Security Council of the U.S. draft resolution on Gaza, which…